اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب اللہ خان) شمس کالونی گندگی کے ڈھیر میں تبدیل، بی ڈبلیو ایم سی کی مجرمانہ غفلت پر شہری سراپا احتجاج

اوچ شریف کی معروف رہائشی آبادی شمس کالونی اس وقت بدترین ماحولیاتی بحران کا شکار ہے، جہاں بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (بی ڈبلیو ایم سی) کی مجرمانہ غفلت نے گلی محلوں کو گندگی، بدبو، مچھروں اور بیماریوں کے ڈھیر میں بدل دیا ہے۔

کالونی کی گلیوں میں ہر طرف کچرے کے ڈھیر، گھریلو فضلہ، پلاسٹک کے تھیلے، اور گندے نالے بہتے نظر آتے ہیں، جس کے باعث بچوں اور بزرگوں میں کھانسی، بخار، ڈینگی، ملیریا اور جلدی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ مقامی رہائشی سہیل احمد نے میڈیا کو بتایا، "ہمارے بچے بیمار پڑ رہے ہیں، بدبو اور مکھیاں کھانے تک کا نوالہ زہر بنا چکی ہیں۔”

ایک اور شہری غلام حسین نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "ہم نے ہر فورم پر شکایات کیں، بی ڈبلیو ایم سی کے افسران کو تحریری درخواستیں دیں، لیکن کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ یہ کمپنی صرف کاغذی کارروائیوں تک محدود ہے۔”

نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث گندا پانی گلیوں میں کھڑا ہے، جو نہ صرف تعفن کا باعث ہے بلکہ مچھروں کی افزائش گاہ بن چکا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر صفائی نہ کروائی گئی تو وہ احتجاجاً سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوں گے۔

رہائشی بشیر احمد نے کہا، "ہر الیکشن میں وعدے ہوتے ہیں، مگر آج عوام کو ان کے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ سیاستدانوں کو اب ہماری گلیوں کی گندگی سے بدبو آتی ہے اس لیے وہ واپس نہیں آتے۔”

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق، اور ٹی ایم اے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری ایکشن لیتے ہوئے شمس کالونی کو صفائی کی سہولت فراہم کی جائے۔ بی ڈبلیو ایم سی کے ذمہ دار افسران کے خلاف انکوائری کی جائے، اور مستقل بنیادوں پر کچرا اٹھانے اور نکاسی کا نظام بحال کیا جائے، تاکہ علاقے کے مکین اس ماحولیاتی جہنم سے نجات حاصل کر سکیں۔

Shares: