پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے ضلع بڈھ بیر میں مقامی ایس ایچ او پر ایف سی آر (فرنٹیئر کرائم ریگولیشن) نافذ کرنے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بڈھ بیر کے علاقے میں ایس ایچ او قانون سے تجاوز کرتے ہوئے لوگوں کو بلاوجہ گھروں سے اٹھا کر لاپتہ کر رہے ہیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
شاندانہ گلزار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بڈھ بیر میں ایس ایچ او نے چادر اور چار دیواری کی حفاظت کو پامال کرتے ہوئے ایف سی آر کی طرح غیر قانونی طریقوں سے لوگوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ایس ایچ او کو فوری طور پر معطل کیا جائے ورنہ وہ سخت احتجاج پر مجبور ہوں گی۔
شاندانہ گلزار کے اس الزام کے بعد خیبر پختونخوا پولیس کے سربراہ آئی جی ذوالفقار حمید نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او کو حکم دیا ہے کہ وہ ایس ایچ او بڈھ بیر کے خلاف انکوائری عمل میں لائیں۔ آئی جی نے ہدایت دی ہے کہ 48 گھنٹوں کے اندر اندر مکمل رپورٹ پیش کی جائے تاکہ واقعے کی اصل وجوہات کا پتا چلایا جا سکے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔