خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے چکیسر میں دہشتگردوں نے پولیس چوکی گنانگر پر دستی بم حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے رات کے وقت چکیسر کے گنانگر پولیس چوکی کو نشانہ بنایا۔ دستی بم حملے کے بعد پولیس اہلکاروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ حملے میں اے ایس آئی حسن خان اور سپاہی نثار خان شہید ہوگئے جبکہ محرر ارشد خان، سپاہی ارشد خان اور رفعت زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر بٹ گرام اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ان کی زندگی کو لاحق کوئی شدید خطرہ نہیں۔پولیس حکام نے حملے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر دی اور دہشتگردوں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کر دیا۔ پولیس نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
اس حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی تنظیم یا گروپ نے قبول نہیں کی، تاہم پولیس دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں مصروف ہے۔ علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشات بڑھ گئے ہیں اور عوام میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے۔یہ واقعہ صوبے میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کا ایک اور افسوسناک پہلو ہے، جس کے نتیجے میں عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سخت مشکلات کا شکار ہیں۔