اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شرانگیزی کی سازش بری طرح سے ناکام ہوئی۔
باغی ٹی وی: وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلیوایریا کا دورہ کیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں سے ملاقاتیں کیں، محسن نقوی نے اسلام آباد کے علاقے کلیئر کرانے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز، پولیس، ایف سی اور پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کی سڑکوں کی فوری صفائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے کو صفائی کے لیے ہدایات دیں انہوں نے اسلام آباد میں نقصانات کا بھی جائزہ لیا اور سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شر انگیزی کی سازش بری طرح سے ناکام ہوئی۔
قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب کلئیر ہو گیا ہے، ہمارے لیے ضروری ہے کہ فوری طور پر اسلام آباد کی سڑکیں کھولیں ، میرا خیال ہے اسکول بھی پرسوں کھلیں گے-
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میٹروبس سروس بھی کل کھل جائے گی، انٹرنیٹ سروس بھی کھول دینگے ،بشری بی بی اور علی امین گنڈا پور ابھی تک فرار ہیں،اسلام آباد ، پنجاب پولیس ، ایف سی ، رینجرز اور پاک آرمی کا بھی شکریہ ،اللہ قانون نافذ کرنے والوں کے زخمی اہلکاروں کو صحت دے ، امید ہے کل نیا دن نئی سوچ کے ساتھ طلوع ہو گا،کوشش کی بہت سی چیزیں آرام سے کریں جس میں کامیاب ہوئے –
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے کہتا ہوں اب بس کریں، کب تک ایسا کریں گے، پی ٹی آئی نے کہا راستہ دے دیں ہم نے راستہ بھی کھول دیا ، پی ٹی آئی کو خود کہا سنگجانی میں جا کر جلسہ کریں ،کتنی بار یہ کرنا ہے بس کریں ، اپنے صوبے میں جا کر عوام کی خد مت کریں-