حمزہ شہباز نے شیریں مزاری کی رہائی کا حکم دے دیا

0
37

وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے شیریں مزاری کی رہائی کا حکم دے دیا،

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کی رہائی کا حکم دے دیا۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھاکہ شیریں مزاری بطور خاتون قابل احترام ہیں، ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔

وزیراعلی کا کہنا تھاکہ کسی بھی خاتون کی گرفتاری معاشرتی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ شیریں مزاری کوگرفتارکرنے والے اینٹی کرپشن عملےکیخلاف تحقیقات ہونی چاہیئیں۔

ان کا کہنا تھاکہ تفتیش اورتحقیقات میں گرفتاری ناگزیرہے تو قانون اپنا راستہ خود بنالے گا، شیریں مزاری کی گرفتاری کے عمل سے اتفاق نہیں کرتا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ ن بحیثیت سیاسی جماعت خواتین کے احترام پریقین رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ مریم نواز کے بارے میں بیہودہ زبان کی مذمت کرتےہیں مگر انتقام ہماراشیوہ نہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ راولپنڈی پولیس کو ہدایت کی شیریں مزاری کو اینٹی کرپشن کی تحویل سے چھڑاکر رہا کیا جائے۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کی رہنما و سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کو اینٹی کرپشن کے اہلکاروں نے اسلام آباد میں واقع ان کے گھر کے باہر سے گرفتار کیا تھا جہاں سے انہیں تھانہ کوہسار لایا گیا ۔

اس حوالے سے سابق وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے بھی ان کی گرفتاری کے حوالے سے ٹویٹ کیا جب کہ پی ٹی آئی رہنما افتخار درانی نے بھی ان کی گرفتاری کی تصدیق کی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے بتایا ہے کہ انہیں ان کے گھر کے باہر سے گرفتار کیا گیا جس کی مذمت کرتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق شیریں مزاری کو اینٹی کرپشن ونگ ڈی جی خان نے اراضی کے ایک مقدمے میں گرفتار کیا اور تھانہ کوہسار لے گیا جہاں سے انہیں لاہور لے جایا جانا تھا. شیریں مزاری پر اس مقدمے میں ایف آئی آر درج ہے، عملہ وارنٹ گرفتاری لے کر آیا تھا۔ اینٹی کرپشن پنجاب نے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز مارچ 2022ء میں کیا تھا۔

شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری کہا کہ مرد پولیس اہلکار میری ماں پر تشدد کرتے ہوئے انہیں گھسیٹے ہوئے لے گئے اور مجھے صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن ونگ لاہور لے گیا ہے۔گرفتاری کے بعد ان کی بیٹی کے ہمراہ فواد چوہدری، بابر اعوان، شبلی فراز اور دیگر رہنما تھانہ کوہسار پہنچے جب کہ تھانہ کے باہر کارکنان جمع ہوگئے جنہوں ںے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

تھانے کے باہر گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت کی اس حرکت سے ظاہر ہے کہ وہ کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہے، ایسے اقدامات سے حکومت نے اعلان جنگ کردیا ہے۔

Leave a reply