شرجیل میمن کی بی آر ٹی منصوبے میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کی ہدایت

sharjeel

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر،وزیراطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبے کی پیشرفت، درپیش مسائل اور تاخیر کے اسباب پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔

اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ نجم شاہ، کمشنر کراچی حسن نقوی، سی ای او ٹرانس کراچی طارق منظور شیخ اور دیگر اہم حکام نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ، ایشین ڈولپمنٹ بینک کے مشیر للائڈ رائٹ اور بین الاقوامی کنسلٹنٹس نے بھی اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔اجلاس میں ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ میں پیش آنے والی رکاوٹوں اور مسائل پر تفصیل سے بات چیت کی گئی، خاص طور پر پانی کی سپلائی لائنوں، کے الیکٹرک، نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ کی تنصیبات کی وجہ سے ہونے والی تاخیر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان یوٹیلٹیز کی منتقلی اور ان کے انتظامات میں سست روی کے سبب منصوبے میں تاخیر ہو رہی تھی۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے واضح طور پر کہا کہ یہ صورتحال ناقابل قبول ہے اور ان رکاوٹوں کو جلد از جلد حل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پروجیکٹ کی تکمیل میں مزید تاخیر نہ ہو۔اجلاس میں لاٹ 1 اور لاٹ 2 میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پروجیکٹ کنٹریکٹرز نے اپنی پیشرفت سے متعلق آگاہ کیا، جبکہ ٹرانس کراچی کے سی ای او طارق منظور شیخ نے عملدرآمد میں درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی۔سی ای او ٹرانس کراچی نے بتایا کہ یوٹیلیٹی پرووائیڈرز کی جانب سے ری لوکیشن کے حوالے سے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جا رہے جس کی وجہ سے پروجیکٹ میں مزید تاخیر ہو رہی ہے۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو سخت ہدایات دیں کہ وہ مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کریں اور بلا روک ٹوک پیش رفت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے پانچ دن کی سخت ڈیڈ لائن مقرر کی تاکہ تمام متعلقہ ادارے اور کمپنیز ان رکاوٹوں کو حل کریں اور کام میں تیزی لائیں۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ کے فور اور کے ای کے انفراسٹرکچر ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے منصوبے میں تاخیر ہو رہی ہے، جس کے لیے فوری طور پر قابل عمل حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔شرجیل انعام میمن نے ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ کے حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے رابطہ کرنے کی ہدایت دی تاکہ ایئرپورٹ کے قریب کام شروع کیا جا سکے اور منصوبے کی تکمیل میں مزید سرعت لائی جا سکے۔سینئر وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کراچی کے لیے ایک فلیگ شپ ٹرانسپورٹیشن پروجیکٹ ہے اور اس کا مقصد کراچی کی ٹرانسپورٹ کے نظام میں انقلاب لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے شہر میں جدید، موثر اور ماحول دوست ماس ٹرانزٹ سسٹم فراہم ہوگا، جو روزانہ ہزاروں مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرے گا۔

ریڈ لائن بی آر ٹی کا منصوبہ کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر کرے گا ،شرجیل میمن
شرجیل انعام میمن نے کہا، "ریڈ لائن بی آر ٹی کا منصوبہ نہ صرف کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر کرے گا بلکہ شہریوں کی زندگی میں بھی نمایاں بہتری لائے گا۔ ہمیں ٹائم لائن سے پہلے کام مکمل کرنا ہوگا اور اس منصوبے کو کامیاب بنانا ہوگا۔”انہوں نے مزید کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کے تعمیراتی کام میں تیزی لانے کے لیے تین شفٹوں (صبح، شام اور رات) میں کام کیا جائے گا۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کام چوبیس گھنٹے جاری رہے تاکہ منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر نہ ہو۔شرجیل انعام میمن نے اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ حکام اور اداروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے نبھائیں اور ریڈ لائن بی آر ٹی کے منصوبے کی تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ کراچی کے شہریوں کو بہترین سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔

پاکستان خودمختار ملک ، اندرونی معاملات میں دخل اندازی کی اجازت نہیں،شرجیل میمن

ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ کراچی کے مسافروں کیلیے گیم چینجر ہے، شرجیل انعام میمن

سازش کے تحت کراچی سے کاروبار کو باہر منتقل کروایا گیا، شرجیل میمن

Comments are closed.