گزشتہ روز بھارتی اداکارہ رئیلیٹی ٹی وی اسٹار اور گانے ‘کانٹا لگا’ میں اپنی ڈانس پرفارمنس سے شہرت حاصل کرنے والی شیفالی جریوالہ 42 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں،اداکارہ شیفالی کی رہائشی سوسائٹی کے سکیورٹی گارڈ شتروگھن نے اس رات سے متعلق کچھ تفصیلات شیئر کیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شیفالی کو گزشتہ شب اچانک دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انہیں فوری اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ نہ جانبر نہ ہوسکیں، شیفالی کی اچانک موت کی خبر نے شوبز انڈسٹری اور ان کے مداحوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
اداکارہ شیفالی کی رہائشی سوسائٹی کے سکیورٹی گارڈ شتروگھن نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ’ اداکارہ شیفالی کو رات ساڑھے 10 بجے کے قریب اسپتال لے جایا گیا، اس سےقبل تقریباً 9 بجے ان کے شوہر پیراگ تیاگی موٹر سائیکل پر سوسائٹی میں آئے تھے اور میں نے ہی ان کے لیے سوسائٹی کاگیٹ کھولا تھا۔
گارڈ کے مطابق اس سے قبل پرسوں شام کے وقت شیفالی اور پیراگ اپنے پالتو کتے کے ساتھ سوسائٹی کے احاطے میں چہل قدمی کررہے تھے،گزشتہ شب شیفالی کو اسپتال لے جانے کے فوراً بعد پولیس کی ٹیمیں اور فارنزک یونٹ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، شیفالی کے گھر کے باہر کل رات سے ہی 2 موبائل فارنزک یونٹ کی گاڑیاں موجود ہیں۔
گارڈ نے مزید بتایا کہ ’ شیفالی کو اسپتال لے جانے کے بعد ایک شخص سوسائٹی میں موٹر سائیکل پر آیا تھا جو بظاہر ان کا دوست لگ رہا تھا، اس شخص نے ہمیں بتایا کہ شیفالی اب نہیں رہی، جب ہم نے سنا تو ہمیں یقین نہیں آیا کیوں کہ ہم نے میڈم کو پرسوں ہی دیکھا تھا‘۔
واضح رہے کہ شیفالی جریوالہ 2002 میں ‘کانٹا لگا ‘گانے کی ویڈیو میں پرفارمنس سے راتوں رات شہرت کی بلندی پر پہنچ گئی تھیں، اس کے بعد انہوں نے نچ بلیے اور بگ باس 13 جیسے شوز میں بھی شرکت کی تھی، ایک انٹرویو میں شیفالی جریوالہ نے بتایا تھا کہ ’مجھے 15 سال کی عمر میں پہلی مرتبہ مرگی کا دورہ پڑا تھا، اس وقت میں اپنی پڑھائی میں اچھی کارکردگی کیلئے بہت زیادہ دباؤ میں تھی۔








