میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں گزشتہ بارشوں سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق میڈیا کو جاری بیان میں مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ اورنگی ٹائون میں قصبہ موڑ کے اطراف سڑکوں کی مرمت اور استرکاری کا کام انجام دیا جا رہا ہے جس سے اس علاقے کے مکینوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم ہوگی، آئی آئی چندریگر روڈ ،شاہراہ اورنگی، جی الانہ روڈ، بلوچ کالونی روڈ اور میوہ شاہ روڈ سمیت مختلف دیگر سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کام بھی ترجیحی بنیادوں پر انجام دیئے جا رہے ہیں جس کا مقصد متاثرہ انفراسٹرکچر کو جلد از جلد شہریوں کے لئے بہتر بنانا ہے، حکومت سندھ کی طرف سے ٹائون انتظامیہ سے بھی ان کی زیر انتظام ذیلی سڑکوں اور گلیوں کی مرمت و بحالی کے لئے تجاویز طلب کی گئی ہیں تاکہ پورے شہر میں سڑکوں اور گلیوں کو موٹر ایبل بنایا جاسکے، تنقید کرنے والے تنقید کرتے رہیں ہم اپنا کام کرتے رہیں گے اور شہر کی بہتری کے لئے انجام دیئے جانے والے کاموں میں سب کو ساتھ لے کر چلنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا رہیں گے.
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی کا محکمہ انجینئرنگ شہر کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں سے متاثر ہونے والی سڑکوں اور شاہراہوں کی مرمت اور استرکاری کا کام انجام دے رہا ہے اور اس کام کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام 106 مرکزی سڑکوں اور شاہراہوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ٹائون انتظامیہ کو بھی ان کی حدود میں آنے والی گلیوں اور ذیلی سڑکوں کی مرمت و بحالی میں مدد کی پیشکش کی ہے تاکہ سب مل کر شہر کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، تعمیراتی کاموں میں معیار کو یقینی بنانے کے لئے ایسے اقدامات کئے جا رہے ہیں جن سے غیرمعیاری کاموں کی حوصلہ شکنی ہو اور شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے مختص کئے جانے والے فنڈز کا ایک ایک پیسہ شفاف طریقے سے استعمال ہوسکے، سڑکوں کی تعمیر و مرمت میں جن ٹھیکیداروں کا کام غیر معیاری پایا گیا انہیں بلیک لسٹ کیا جا رہا ہے اور تعمیراتی کاموں کی مسلسل مانیٹرنگ کا طریقہ کار اپنایا جا رہا ہے جس سے مستقبل میں شہر کے بنیادی انفراسٹرکچر کو پائیدار بنانے میں مدد ملے گی.
انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی مرمت و بحالی کے کام بلاتخصیص شہر کے تمام اضلاع میں جاری ہیں ، ہم پورے شہر میں ترقیاتی عمل کو یکساں رفتار سے جاری رکھنے پر یقین رکھتے ہیں اور اس کے لئے تمام متعلقہ شہری اداروں سے رابطے کا عمل جاری ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی کو آئندہ برسوں میں دس سے گیارہ ارب روپے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت اور سوا تین ارب روپے مختلف ٹیکسز کی مد میں ملیں گے لہٰذا سڑکوں کے تعمیراتی کاموں میں فنڈز کی فراہمی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے تاہم اس بات کی ضرورت ہے کہ شہریوں کی نمائندگی کرنے والے تمام بلدیاتی نمائندے اس سلسلے میں اپنے فرائض دیانتداری کے ساتھ انجام دیں اور اپنے علاقوں کے مسائل حل کرانے کے لئے متعلقہ اداروں سے رجوع کریں۔
حکومت سندھ نے کتے کی قبر کو محفوظ ورثہ قرار دینے کی منظوری دیدی