راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ہوئی، سماعت جج حامد حسین نے کی، اس موقع پر ملزم شہریار آفریدی کو عدالت کے سامنے پیش کیا گیا،خصوصی عدالت کے جج حامد حسین نے فیصلہ سنا دیا اور رہنما تحریک انصاف شہریار آفریدی کی ضمانت درخواست مسترد کردی۔عدالت نے ملزم شہریار آفریدی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 جولائی تک توسیع کر دی، جب کہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتار ملزمان کا چالان بھی پیش کرنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما شہریار آفریدی اور دیگر کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار پولیس نے 9 مئی کو درج کیا تھا۔دوسری جانب پشاور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی اور سابق صدر سٹی پشاور عرفان سلیم کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس وقار احمد نے سماعت کی۔
درخواست گزاروں کی جانب سے شاہ فیصل اتمانخیل اور ارشد علی ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل شاہ فیصل اتمانخیل نےعدالت سے استدعا کی کہ درخواست گزاروں کے خلاف جتنے مقدمات اور انکوائریز درج ہیں اس کی تفصیل فراہم کی جائے۔ عدالت نے صوبائی حکومت سے کل تک درخواست گزاروں کیخلاف درج مقدمات اور انکوائریز کی تفصیل طلب کرکے کیس سماعت کل تک ملتوی کردی،
Shares: