ٹانک: سیکٹر ہیڈکوارٹر ٹانک میں علاقائی امن، استحکام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک اہم جرگہ منعقد ہوا۔
جرگہ کی صدارت جی او سی 40 ڈویژن، میجر جنرل نیک نام بیگ نے کی۔ جرگہ میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، عمائدین، معززین علاقہ اور صحافیوں نے بھرپور شرکت کی۔اس جرگہ کا مقصد ٹانک میں امن و امان کی فضا کو مزید مستحکم بنانا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے باہمی مشاورت کو فروغ دینا تھا۔
اپنے خطاب میں میجر جنرل نیک نام بیگ نے کہا کہ ٹانک کے لوگ محب وطن، غیرتمند اور پرامن ہیں جنہوں نے ہمیشہ قومی سلامتی اور علاقائی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹانک کی ترقی اور خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام طبقات کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے بھارت کو پاکستان کا ازلی دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کی بدامنی پھیلانے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے قوم اپنی افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔
سیکٹر کمانڈر ایف سی ساوتھ، بریگیڈیئر سہیل باجوہ نے بھی خطاب کیا اور ٹانک کی عوامی خدمت اور حب الوطنی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ٹانک کی ترقی اداروں کی اولین ترجیح ہے اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اس مقصد کے لیے مسلسل کام جاری ہے۔
جرگہ کے دوران علاقہ عمائدین نے بھی اپنے خیالات اور تجاویز پیش کیں اور مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ علاقائی امن، ترقی اور وطن کی حفاظت کے لیے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔