ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں نے گرمی کا زور توڑ دیا، تاہم کئی شہروں میں بجلی کی بندش، درخت گرنے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے واقعات بھی پیش آئے۔
باغی ٹی وی کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں اچانک آندھی اور ژالہ باری کے ساتھ شدید بارش ہوئی۔ آبپارہ مارکیٹ میں آندھی کے دوران ایک درخت گر گیا، جس کے نیچے کھڑی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ سڑک بھی بند ہو گئی، ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور سڑک کلیئر کرنے کا کام شروع کیا۔ادھر سوات اور گردونواح میں بارش کے ساتھ زلزلے کے جھٹکے بھی محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
لاہور، خوشاب، فیصل آباد، ہری پور، لوئر دیر اور دیگر شہروں میں بھی بارش اور ژالہ باری نے موسم خوشگوار کر دیا۔ لاہور میں بارش کے بعد ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی کا زور توڑ دیا جبکہ شہریوں نے موسم کے بدلے تیور سے لطف اٹھایا۔ہری پور اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے نتیجے میں متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی۔
فیصل آباد میں بارش شروع ہوتے ہی شہری گھروں سے باہر نکل آئے اور موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ خوشاب میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش نے گرمی کا زور کم کر دیا جبکہ لوئر دیر میں بھی بارش سے موسم سہانا ہو گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید علاقوں میں بارش کا امکان ہے، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پاکستان کی تاریخی فتح پر واہگہ بارڈر پر جشن، بھارت پریڈ سے بھی بھاگ گیا
ڈیرہ غازیخان: پریس کلب کے زیراہتمام،یومِ تشکر پر پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی، ریلی نکالی گئی
پاکستان کی تاریخی دفاعی فتح پر عالمی میڈیا حیران
ایس-400 کی تباہی پاک بھارت کشیدگی کا سب سے بڑا واقعہ قرار