مزید دیکھیں

مقبول

عدالت کے حکم پر شیخ حسینہ کی بیٹی کے اثاثے ضبط ،انٹرپول کے ذریعے گرفتاری کا حکم

ڈھاکہ(باغی ٹی وی رپورٹ)بنگلہ دیش کی ایک اعلیٰ عدالت نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی صاحبزادی صائمہ وازِد پُتول کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے پُتول کے ڈھاکہ کے پوش علاقے گلشن میں واقع اپارٹمنٹ کو ضبط کرنے کا فیصلہ سناتے ہوئے ان کے خلاف بدعنوانی کی جاری تحقیقات کو بنیاد بنایا ہے۔

انسداد بدعنوانی کمیشن (اے سی سی) کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد منیر الاسلام کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ڈھاکہ میٹروپولیٹن سینئر اسپیشل جج محمد ذاکر حسین غالب نے فیصلہ سنایا کہ چونکہ پُتول کے خلاف غیرقانونی دولت اکٹھا کرنے کی تحقیقات جاری ہیں، اس لیے ان کی جائیداد کی فروخت یا منتقلی روکنے کے لیے اسے فوری طور پر ضبط کیا جائے۔

اس سے قبل 5 مارچ کو اسی عدالت نے پُتول کی قائم کردہ "سوچنا فاؤنڈیشن” کے 14 بینک اکاؤنٹس میں موجود 48 کروڑ 35 لاکھ ٹکہ کی رقم کو بھی منجمد کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالتی احکامات یہیں نہیں رکے بلکہ ڈھاکہ کی عدالت نے پرباچل میں پلاٹ کی غیرقانونی الاٹمنٹ سے متعلق کیس میں پُتول کے خلاف انٹرپول کے ذریعے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی بھی ہدایت دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق بنگلہ دیشی حکام نے انٹرپول سے نہ صرف پُتول بلکہ ان کی والدہ اور سابق وزیراعظم شیخ حسینہ سمیت دیگر 11 افراد کے خلاف بھی "ریڈ نوٹس” جاری کرنے کی باضابطہ درخواست کر دی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ یونس کی عبوری حکومت کو غیر مستحکم کرنے اور ملک میں شہری بدامنی بھڑکانے کی سازش میں ملوث ہیں۔

بنگلہ دیش پولیس کے اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل (میڈیا) انعام الحق ساگر نے انٹرپول کو دی گئی درخواست کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام جاری عدالتی کارروائی اور تحقیقات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

یہ تمام پیش رفت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ بنگلہ دیش میں سیاسی منظرنامہ تیزی سے بدل رہا ہے، اور سابق حکمران جماعت سے وابستہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانیhttp://baaghitv.com
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں