شیخ نواف الاحمد الصباح نئے امیر کویت مقرر، حلف اٹھا لیا

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شیخ صباح الاحمدالصباح کے جانشین شیخ نواف الاحمد الصباح نئے امیرکویت مقرر کر دیئے گئے

شیخ نواف الاحمد الصباح نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا،نئے امیر کویٹ شیخ نواف الاحمد الصباح اہم کلیدی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ شیخ نواف الاحمد الصباح 25 جون 1937 کو کویت شہر میں پیدا ہوئے اور وہ کویت کے دسویں حکمراں شیخ احمد الجابر المبارک الصباح کے چھٹے بیٹے ہیں جو 1921 سے 1950 کے دوران کویت کے حکمراں تھے۔

امیرکویت نے 7 فروری 2006 کو شیخ نواف کو ولی عہد مقرر کیا تھا۔ 20 فروری 2006 کو کویتی پارلیمنٹ نے ولی عہد کی حیثیت سے شیخ نواف کے ہاتھ پر بیعت کی تھی۔ خبر رساں ادارے کے مطابق کویتی آئین کی دفعہ 4 اور ریاست میں اقتدار کے قانون کی دفعہ ایک میں کہا گیا ہے کہ کویت موروثی ریاست ہے۔ اس کا اقتدار مبارک الصباح کی اولاد میں ہی رہے گا

کویت میں قانون اقتدار کی دفعہ چار میں تحریر ہے کہ ’جب بھی امیر کویت کا منصب خالی ہوگا ولی عہد امیر کویت بن جا ئیں گے، آئین کی دفعہ 60 میں ہے کہ امیر کویت اپنے اختیارات استعمال کرنے سے قبل کویتی پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں حلف اٹھائیں گے۔

شیخ نواف 14 برس سے کویت کے ولی عہد ہیں۔ 60 برس کے دوران کئی سرکاری عہدوں پر سرفراز رہ چکے ہیں۔ وزیر دفاع اور وزیرداخلہ بھی رہے ہیں۔ کویت پر عراق کے حملے کے بعد بننے والی پہلی حکومت میں وہ 20 اپریل 1991 کو وزیر محنت و سماجی امور بنے تھے۔

Comments are closed.