محکمہ انتظامیہ نے ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین مختلف ملوں پر چھاپے کے دوران گندم کی ساڑھے 17 ہزار بوریاں برآمد کرلیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے مطابق یہ کارروائی شیخوپورہ کے مختلف علاقوں شرق پور اور نارنگ منڈی میں کی گئی جہاں گندم کی بھاری مقدار ذخیرہ کرکے رکھی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ چھاپے کے دوران گندم کی مجموعی طور پر 17 ہزار 500 بوریاں قبضے میں لی گئیں۔انتظامیہ کے مطابق برآمد شدہ گندم میں سے 10 ہزار بوریاں فلور ملوں کو سرکاری نرخوں پر فروخت کر دی گئی ہیں تاکہ آٹے کی مارکیٹ میں کسی قسم کا بحران پیدا نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے اس موقع پر کہا کہ باقی گندم بھی جلد از جلد فلور ملوں کو حکومت کی مقرر کردہ قیمت 3 ہزار روپے فی من کے حساب سے فراہم کر دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی اور گندم کی تقسیم کو شفاف اور منصفانہ بنایا جائے گا۔

انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ عوام کو آٹے کی قلت یا اضافی قیمتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Shares: