پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹ میں قائدِ حزب اختلاف شبلی فراز کی صحت کی سنگینی کے باعث ان کی اوپن ہارٹ سرجری کے امکانات پر غور کیا جا رہا ہے۔ شبلی فراز اس وقت پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیرِ علاج ہیں جہاں ان کے طبی معائنے اور ٹیسٹ جاری ہیں۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق شبلی فراز کو بعض اوقات دل میں درد محسوس ہوتا ہے جبکہ ان کا بلڈ پریشر بھی بلند ہے۔ ان کی دل کی مرکزی شریانوں میں سے ایک شریان پر مسلز بریج کی تشخیص ہوئی ہے، جس کی وجہ سے شریان میں خون کی روانی متاثر ہوتی ہے اور اس سے دل کا دورہ پڑنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ڈاکٹروں نے ان کی حالت کے پیشِ نظر ممکنہ طور پر اوپن ہارٹ سرجری کا مشورہ دیا ہے، تاہم حتمی فیصلہ ٹیسٹوں کے نتائج کے بعد کیا جائے گا۔
شبلی فراز نے اپنی صحت کے حوالے سے بتایا کہ انہیں دل کی بیماری کافی عرصے سے ہے لیکن وہ اس سلسلے میں احتیاط نہیں کر رہے تھے اور ادویات کا بھی صحیح استعمال نہیں کر رہے تھے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ معمولی ذہنی دباؤ (ٹینشن) بھی ان کی صحت پر منفی اثر ڈال رہا تھا۔انہوں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ ان کی صحت کے لیے دعا کریں اور وعدہ کیا کہ آئندہ وہ اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں گے تاکہ بہتر زندگی گزار سکیں۔








