سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے شہری کی شکایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے تھانہ کوتوالی کے ایس ایچ او سب انسپکٹر اسد اللہ کو معطل کر دیا۔
شہری عتیق انجم نے الزام عائد کیا تھا کہ ایس ایچ او نے ایک مالی لین دین کے تنازع پر اسے غیرقانونی طور پر حراست میں لے کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
ڈی پی او کی ہدایت پر ڈی ایس پی سٹی سرکل کی جانب سے کی گئی انکوائری میں شہری کے الزامات درست ثابت ہوئے، جس پر ڈی پی او فیصل شہزاد نے فوری طور پر ایس ایچ او کی معطلی کے احکامات جاری کیے۔
ڈی پی او فیصل شہزاد نے واضح کیا کہ پولیس اختیارات کے ناجائز استعمال اور شہریوں کے ساتھ بدسلوکی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، محکمہ پولیس میں احتساب کا عمل جاری رہے گا تاکہ شہریوں کے اعتماد کو بحال رکھا جا سکے۔