پاکستان کرکٹ کے سابق کپتان اور تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کراچی کنگز سے اپنے تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

انہوں نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ ان کا کراچی کنگز کے ساتھ وقت مکمل ہوچکا ہے۔شعیب ملک نے کہا، "میرے لیے یہ ایک شاندار تجربہ تھا کہ میں نے کراچی کنگز کے ساتھ دو سیزنز کھیلے۔ فرنچائز اور میری ٹیم کے ساتھیوں نے ہمیشہ میرا بھرپور ساتھ دیا، اور ان کی حمایت نے میری کارکردگی کو مزید بہتر بنایا۔” انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کنگز کے ساتھ کھیلنے کے دوران انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا اور ان کے ساتھ گزارا گیا وقت ہمیشہ یادگار رہے گا۔

شعیب ملک نے کراچی کنگز کی منیجمنٹ اور کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیم کی مزید کامیابیوں کے منتظر ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے پی ایس ایل کے آئندہ ڈرافٹ کا حصہ بننے کے اپنے جوش کا بھی اظہار کیا۔ شعیب ملک نے کہا کہ "یہ پہلی بار ہوگا کہ میں پی ایس ایل کے ڈرافٹ میں حصہ لوں گا اور میں اس موقع کے منتظر ہوں۔”

شعیب ملک کی کراچی کنگز کے ساتھ شراکت داری 2023 کے پی ایس ایل سیزن تک جاری رہی۔ ان کے اچانک اس فیصلے سے پی ایس ایل اور کرکٹ کے شائقین میں دلچسپی کی لہر دوڑ گئی ہے،یہ فیصلہ شعیب ملک کے کیریئر کے نئے باب کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے اور اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ وہ کس فرنچائز کے ساتھ اگلے سیزن میں کھیلنے کے لیے منتخب ہوتے ہیں۔

Shares: