رحیم یار خان کے نواحی علاقے ترنڈہ محمد پناہ میں گھریلو جھگڑے کے نتیجے میں لرزہ خیز واقعہ پیش آیا، جہاں شوہر نے اپنی اہلیہ کی جانب سے تنسیخِ نکاح کا دعویٰ دائر کیے جانے پر شدید انتقام لیتے ہوئے بیوی بچوں سمیت چار افراد پر تیزاب پھینک دیا۔

پولیس کے مطابق ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سسرال میں داخل ہوا اور زبردستی گھر میں گھس کر بیوی اور اہل خانہ پر تیزاب پھینکا جس کے نتیجے میں ملزم کی اہلیہ شدید جھلس کر دورانِ علاج دم توڑ گئیں،حادثے میں چار سالہ معصوم بچی اور ستر سالہ پھپھو سمیت تین افراد بری طرح جھلس گئے۔ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں بہاولپور اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کے مطابق بچی اور خواتین کے جسم اور چہرے کا 70 فیصد سے زائد حصہ جھلس چکا ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا تاہم اس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اہلِ علاقہ کے مطابق مقتولہ نے گھریلو تشدد اور جھگڑوں سے تنگ آکر عدالت میں تنسیخِ نکاح کا دعویٰ دائر کیا تھا جس پر ملزم نے اشتعال میں آکر یہ قدم اٹھایا۔

Shares: