شوہر نے بیوی پر شک کرتے ہوئے سر پر ہتھوڑا مار کر قتل کر دیا

واقعہ بھارت کا ہے،نوئیڈا کے سیکٹر 15 میں جمعہ کے روز ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں 55 سالہ شخص نے بیوی پر ناجائز تعلقات کا شک ہونے پر اسے ہتھوڑے سے مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نوراللہ حیدر نے بحث کے دوران اپنی بیوی اسماء خان کے سر پر ہتھوڑے سے حملہ کیا، جس سے اس کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔پولیس حکام نے بتایا کہ مقتولہ 42 سالہ اسماء خان ایک سافٹ ویئر انجینئر تھیں اور نوئیڈا کے سیکٹر 62 میں واقع ایک نجی کمپنی میں ملازمت کرتی تھیں۔ وہ دہلی میں مقیم تھیں اور جامعہ ملیہ اسلامیہ سے انجینئرنگ میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کر چکی تھیں۔ نوراللہ حیدر، جو بہار سے تعلق رکھتا ہے، خود بھی انجینئرنگ کا گریجویٹ ہے لیکن اس وقت بیروزگار ہے۔

دونوں کی شادی 2005 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں ، ایک بیٹا جو انجینئرنگ کا طالب علم ہے اور ایک بیٹی جو آٹھویں جماعت میں پڑھتی ہے۔واقعے کی اطلاع سب سے پہلے جوڑے کے بیٹے نے پولیس کو دی، جب اُس نے 112 ایمرجنسی نمبر پر فون کیا۔ پولیس ٹیم اور فرانزک ماہرین فوراً موقع پر پہنچے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ نوراللہ حیدر کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر پولیس رامبدن سنگھ نے میڈیا کو بتایا،”ابتدائی تفتیش سے پتا چلا ہے کہ نوراللہ کو اپنی بیوی پر ناجائز تعلقات کا شک تھا۔ ہم نے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔”مقتولہ کے برادر نسبتی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا،”بیٹی نے مجھے صبح فون کر کے واقعے کے بارے میں بتایا۔ دونوں کے درمیان کئی دنوں سے جھگڑے ہو رہے تھے، لیکن کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ بات یہاں تک پہنچ جائے گی۔”پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے اور اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ آیا واقعہ پہلے سے منصوبہ بند تھا یا اچانک جذبات کی رو میں آ کر کیا گیا اقدام،
مزید تفصیلات آنے تک پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کا موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں تاکہ معاملے کی تہہ تک پہنچا جا سکے۔

Shares: