آندھرا پردیش ، وشاکھاپٹنم کے علاقے پی ایم پالم میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے اپنی آٹھ ماہ کی حاملہ بیوی کو مبینہ طور پر جھگڑے کے دوران گلا دبا کر قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
27 سالہ انوشا اور اس کے شوہر گیانیشر کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا۔ پولیس کے مطابق اسی دوران گیانیشر نے طیش میں آ کر انوشا کا گلا دبا دیا، جس سے وہ بیہوش ہو گئی۔ بعد ازاں ملزم نے اسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے انوشا کو مردہ قرار دے دیا۔واقعہ وشاکھاپٹنم کے اُدا کالونی علاقے میں پیش آیا۔ گیانیشر شہر کے اسکاوٹس اور ساگر نگر ویو پوائنٹ کے قریب ایک فاسٹ فوڈ سنٹر چلاتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جوڑا تین سال قبل لوو میرج کے بندھن میں بندھا تھا، لیکن شادی کے بعد سے ہی ان کے درمیان مختلف معاملات پر تنازعات چل رہے تھے۔
بیوی کو قتل کرنے کے بعد، گیانیشر نے خود پولیس کے سامنے سرنڈر کر دیا۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔اہلِ علاقہ اور رشتہ دار اس واقعے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔