جنوبی امریکہ کے ملک ایکواڈور کے ساحلی صوبے گوایاس کے دیہی علاقے سانتا لوسیا میں قائم ایک نائٹ کلب میں ایک خونریز فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 8 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ اس علاقے کے سب سے خطرناک واقعات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ فائرنگ کرنے والے مشتبہ افراد بھاری ہتھیاروں سے لیس تھے اور وہ موٹر سائیکلوں اور دو گاڑیوں میں سوار تھے۔ انہوں نے نائٹ کلب میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک زخمی شخص اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
فائرنگ کے دوران ہلاک ہونے والوں کی عمریں 20 سے 40 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ تین افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔مقامی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں لیکن ابھی تک فائرنگ کی اصل وجہ سامنے نہیں آ سکی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ممکنہ طور پر یہ واقعہ کسی گروہی دشمنی یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کا نتیجہ ہو سکتا ہے، تاہم تفتیش کار تمام پہلوؤں کو زیر غور رکھے ہوئے ہیں۔