امریکی ریاست جارجیا کے فورٹ اسٹیورٹ فوجی اڈے پر فائرنگ کے واقعے میں پانچ امریکی فوجی زخمی ہو گئے، جبکہ مشتبہ شوٹر کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فورٹ اسٹیورٹ کی جانب سے اپنے فیس بک پیج پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ زخمی فوجیوں کو فوری طور پر طبی امداد دی گئی، جس کے بعد انہیں وِن آرمی کمیونٹی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔حکام نے زخمیوں کی حالت کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں تاہم بتایا گیا کہ کمیونٹی کے لیے اب کوئی فعال خطرہ نہیں ہے۔فورٹ اسٹیورٹ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو صبح 10:56 بجے آرمرڈ بریگیڈ کمپیکٹ ٹیم کے علاقے میں شوٹنگ کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس کے بعد 11:04 بجے بیس کو بند کر دیا گیا، اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

تاحال فوج کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ مشتبہ شخص فوجی تھا یا سویلین، اور نہ ہی اس کی شناخت ظاہر کی گئی ہے۔واقعے پر گورنر برائن کیمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہم اس المناک واقعے پر غمزدہ ہیں۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کارولائن لیویٹ نے ایکس پر بیان میں بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شوٹنگ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ہے اور وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

کراچی کو 15 ہزار بسوں کی ضرورت، نئی بسیں بھی تاخیر کا شکار

ممکنہ حملوں کی اطلاعات، بھارتی ایئرپورٹس پر سیکیورٹی ہائی الرٹ

یہ گھناؤنا گناہ ہے، حزب اللّٰہ کا لبنانی کابینہ کی قرارداد پر ردعمل

Shares: