عراق کے مشرقی شہر الکوت کی ہائپر مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی نے کم از کم 60 افراد کی جان لے لی، جب کہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، شہر کی محکمہ صحت اور دو پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ عراق کے مشرقی شہر کوت میں ایک ہائپر مارکیٹ اور ریستوران میں لگنے والی شدید آگ کے نتیجے میں کم از کم 60 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جب کہ متعدد افراد لاپتہ بھی ہیں۔

حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مزید لاشیں جلے ہوئے ملبے تلے دبی ہو سکتی ہیں،سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پانچ منزلہ عمارت آگ کی لپیٹ میں ہے، اور فائرفائٹرز آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

https://x.com/RudawTurkce/status/1945719034034495992

شہر کے محکمہ صحت کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہم نے 59 افراد کی شناخت کرلی ہے، لیکن ایک لاش اتنی بری طرح جھلس چکی ہے کہ اس کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی۔”

الکوت کے ایک اعلیٰ اہلکار علی المیاحی نے کہا کہ "کئی لاشیں ابھی ملبے کے نیچے پھنسی ہوئی ہیں، جنہیں نکالنے کی کوشش جاری ہے۔”

واسط صوبے کے گورنر محمد المیاحی نے واقعے کو ’المناک المیہ‘ اور ’قومی سانحہ‘ قرار دیا ان کے مطابق، آگ رات کے وقت پانچ منزلہ عمارت میں لگی، جہاں شہری خریداری اور کھانے میں مصروف تھے فائر بریگیڈ نے متعدد افراد کو بچا لیا اور آگ پر قابو بھی پا لیا۔

https://x.com/anadoluagency/status/1945732932821545190

واقعے کے بعد تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا گیا ہے اور تحقیقات کا آغاز ہو چکا ہے، جس کی رپورٹ 48 گھنٹوں کے اندر جاری کی جائے گی،عراقی نیوز ایجنسی (آئی این اے) کے مطابق، گورنر محمد المیاحی نے بتایا کہ واقعے کے بعد عمارت اور مال کے مالک کے خلاف مقدمات درج کر دیے گئے ہیں،ابھی تک آگ لگنے کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔

Shares: