پاکستانی فوج کے سربراہ، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، کی خصوصی ہدایت پر شہداء اور ان کے لواحقین کی بہبود کے لیے "مداوا” گریف کونسلنگ سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہداء کے ورثاء کے ساتھ فوری اور براہ راست رابطہ قائم کرنا ہے تاکہ ان کی فلاح و بہبود کی ضروریات کو بہتر طور پر پورا کیا جا سکے۔

گریف کونسلنگ سیل میں خصوصی مددگار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو پاکستان فوج کے افسران اور ماہرین نفسیات پر مشتمل ہیں۔ یہ ٹیمیں شہادت کے بعد شہید کے خاندان کے افراد سے تعزیت کے لیے ان کے آبائی علاقے میں جاتی ہیں۔ اس دوران ماہر نفسیات شہید کے لواحقین سے تفصیلی ملاقات کرتے ہوئے ان کے ذہنی تناؤ اور نفسیاتی مسائل کی تشخیص کرتے ہیں۔گریف کونسلنگ سیل کی ٹیم شہداء کے ورثاء کی معاشی، سماجی، رہائشی اور تعلیمی ضروریات کے بارے میں معلومات اکھٹی کرتی ہے اور ان کے حل کے لیے اقدامات تجویز کرتی ہے۔ علاوہ ازیں، شہداء کے ورثاء کو ان کی مراعات اور سہولیات کے بارے میں آگاہی فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ ان کا بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ شہداء کے خاندان کو مراعات اور سہولیات کے حصول میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جاتا ہے۔

آرمی چیف کی جانب سے شہداء کی قبروں پر پھولوں کے گلدستے رکھے جاتے ہیں اور مرحوم کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ، مددگار ٹیم میں شامل ماہر نفسیات، شہداء کے غمزدہ خاندانوں میں موجود ذہنی اور نفسیاتی مسائل کو سمجھتے ہوئے ان کے علاج میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ اس طریقے سے نہ صرف شہداء کے ورثاء کی فلاح کی کوشش کی جاتی ہے بلکہ انہیں زندگی گزارنے کے لیے نئی امید اور حوصلہ بھی دیا جاتا ہے۔

اگرچہ شہید کی زندگی کا کوئی مداوا نہیں، تاہم گریف کونسلنگ سیل کی مددگار ٹیمیں شہداء کے لواحقین کے لیے زندگی گزارنے میں نئی امید پیدا کرتی ہیں۔ یہ اقدام ایک عملی مظاہرہ ہے کہ شہداء کے ورثاء کی فلاح و بہبود کے لیے فوج اپنے فرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کو پورا کر رہی ہے۔ شہداء نہ صرف قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں بلکہ ان کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔”مداوا” گریف کونسلنگ سیل کا قیام شہداء کے لواحقین کی مدد کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور یہ پاکستانی فوج کی شہداء کے خاندانوں کے لیے ایک اور عظیم پیشکش ہے۔

پاکستان اور چین کے درمیان مصنوعی ذہانت پر مبنی زرعی آلات کے معاہدے پر دستخط

وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہواوے کو نوازشریف آئی ٹی سٹی میں آفس کی پیشکش

Shares: