آزاد کشمیر کے سیاحتی علاقے وادی نیلم میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں سیاحوں کی ایک گاڑی بے قابو ہو کر دریائے نیلم میں جاگری، جس کے نتیجے میں پانچ خواتین سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک بچہ تاحال لاپتہ ہے۔

ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ دلخراش واقعہ چلہانہ کے مقام پر پیش آیا، جہاں سیاحوں کی گاڑی اچانک توازن کھو بیٹھنے کے بعد گہری کھائی میں جاگری اور سیدھا دریائے نیلم میں جاپہنچی۔ گاڑی میں مجموعی طور پر سات افراد سوار تھے جن میں پانچ خواتین، ایک بچہ اور ایک مرد شامل تھے۔ریسکیو اہلکاروں اور مقامی پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے چھ لاشوں کو دریا سے نکال لیا ہے۔ لاپتہ بچے کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیموں کا سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سے بتایا گیا ہے، جو سیاحت کی غرض سے وادی نیلم آئے تھے۔ ڈی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی مشترکہ ٹیمیں علاقے میں موجود ہیں اور لاپتہ بچے کی تلاش کے لیے ڈرون اور غوطہ خوروں کی مدد سے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔

Shares: