سیالکوٹ (شاہد ریاض ڈویژنل بیوروچیف)سیالکوٹ میں پولیس کے ساتھ دو الگ الگ مقابلوں میں قتل، اقدامِ قتل اور بھتہ خوری سمیت متعدد جرائم میں مطلوب دو ملزمان ہلاک ہو گئے۔

پہلا واقعہ صدر سرکل کے تھانہ کوٹلی سید امیر کی حدود میں موضع شادیوال کے قریب ایک پولیس مقابلے میں قتل، اقدامِ قتل اور بھتہ خوری میں ملوث ملزم راحت عرف مودا ہلاک ہو گیا۔ راحت مودا اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سوار تھا کہ اس کا سی سی ڈی ٹیم سے آمنا سامنا ہو گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ملزم راحت مودا اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم راحت مودا کے خلاف مختلف نوعیت کے 42 مقدمات درج تھے۔

دوسرا واقعہ ڈسکہ کے قریب پیش آیا جہاں پولیس حراست سے فرار ہونے والے ملزم احسن مون عرف مون انجلیک کا سی سی ڈی سے آمنا سامنا ہوا۔ ملزمان نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر براہ راست فائرنگ شروع کر دی۔ تقریباً بیس منٹ تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزم احسن مون اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ تاہم، ہسپتال منتقل کرنے سے قبل ہی وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

Shares: