سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) عابدی گینگ کے 3 خطرناک ڈاکو گرفتار، لاکھوں کا مالِ مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد
تفصیل کے مطابق سیالکوٹ پولیس نے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث خطرناک ڈاکوؤں کے خلاف بڑی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ عابدی گینگ کے سرغنہ سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جاری کریک ڈاؤن کے دوران صدر سرکل کے ڈی ایس پی کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ کوٹلی سید امیر سب انسپکٹر طیب حسین نے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے یہ کارروائی کی۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان شہریوں کو اسلحہ کے زور پر لوٹتے تھے اور واردات کے بعد فرار ہو جاتے تھے۔ ابتدائی تفتیش میں ان ملزمان نے درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، جن سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کو توقع ہے کہ تفتیش کے دوران مزید اہم انکشافات اور برآمدگیاں سامنے آئیں گی۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے کل 8 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کا مالِ مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ برآمد شدہ اشیاء میں دو عدد مسروقہ موٹر سائیکلیں، باسٹھ ہزار روپے نقدی، تین عدد قیمتی سمارٹ موبائل فونز، دو عدد الیکٹرک موٹریں، طلائی زیورات اور تین عدد ناجائز پسٹل 30 بور بمعہ متعدد گولیاں شامل ہیں۔
گرفتار ملزمان کی شناخت عابد عرف عابدی ولد مقبول حسین سکنہ چپراڑ، سیالکوٹ، محمد وزیر علی عرف بیدی ولد باغ علی سکنہ کل باجوہ حال مقیم پلوڑہ، اور بشارت علی ولد کرامت علی سکنہ صالح پور کے طور پر ہوئی ہے۔ ان تینوں سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او فیصل شہزاد نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے افسران اور جوانوں کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔