سیالکوٹ: سرکاری و نجی اداروں میں معذور افراد کے لیے 3 فیصد کوٹہ یقینی بنانے کی ہدایت

سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مظفر مختار نے کہا ہے کہ سرکاری و نجی اداروں میں خصوصی افراد (معذور افراد) کے لیے 3 فیصد کوٹہ قانون کے مطابق لازمی ہے۔ سوشل ویلفیئر افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صنعتی و کمرشل یونٹس میں کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کریں اور مالکان کو باور کرائیں کہ خصوصی افراد معاشرے کا حصہ ہیں، ان کی فلاح و بہبود اور ضروریات کا خیال رکھنا اجتماعی ذمہ داری ہے۔

یہ ہدایات انہوں نے آج ضلعی بہبود و بحالی یونٹ برائے معاونت معذور افراد سیالکوٹ کے اجلاس میں دیں، جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شریف گھمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عدنان راٹھور، سدرہ سلطانہ، ڈی ایچ او احمد ناصر چودھری، اشفاق نذر گھمن، ڈی او انڈسٹریز تنویر احمد، ڈی ای او سیکنڈری ایجوکیشن محمد نواز، انجینئر وقاص لودھی، نمائندگان معذور افراد شاہ زیب، حافظ شاہد رضا اور نمائندہ زکوٰۃ ڈیپارٹمنٹ سلمان احمد شریک تھے۔

اے ڈی سی نے کہا کہ ہمت کارڈ کے اجراء کے لیے "ناٹ فٹ ٹو ورک” سرٹیفکیٹ کے لیے باقاعدہ میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے اور معذوری جانچنے کے لیے درکار آلات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ اس حوالے سے اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کو سفارشات بھیجی جائیں گی۔

سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ معذور افراد کے لیے مفت سفری کارڈ کے اجراء کو یقینی بنائیں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں معذور افراد کے لیے مخصوص نشستیں مختص کریں۔

ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ معذور افراد کو ترجیحی بنیادوں پر ہنر مند بنانے کے مواقع فراہم کریں اور ان کے داخلے بڑھائیں۔

اے ڈی سی نے کہا کہ نئے تعمیر ہونے والے کمرشل پلازوں اور مارکیٹوں کو معذور افراد کے لیے دوستانہ بنانے کی ہدایات دی جائیں گی۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ہائی لیول ڈیزائن کمیٹی کو سفارشات بھیجی جائیں گی کہ وہ عمارتوں کے نقشے منظور کرتے وقت معذور افراد کے لیے ریمپس، خصوصی ٹائلٹس اور آسان رسائی یقینی بنائیں۔

اجلاس میں شریک افسران نے معذور افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومتی اقدامات پر زور دیا اور عملدرآمد کے لیے مزید سخت اقدامات کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔

Comments are closed.