سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ حلقہ انتخاب میں 30 کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترقیاتی پیکج کے تحت یہ منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے اور ان کا معیار یقینی بنایا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے یونین کونسل فتح گڑھ اور مظفر پورہ کی گلیوں اور سیوریج منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر سابق ڈپٹی میئر چودھری بشیر احمد، یونین کونسل چیئرمینز نواز بھٹی اور چودھری شکیل، اور دیگر معززین بشمول ایکسین سروسز بلال احمد، بشپ ندیم غوری، پاسٹرز اور مقامی رہنما موجود تھے۔
محمد منشاء اللہ بٹ نے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت جب بھی اقتدار میں آئی، ملک نے ترقی کی منازل طے کیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال کے قلیل عرصے میں موجودہ حکومت نے گرتی ہوئی معیشت کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کر دیا ہے، اور معاشی اشاریے مثبت ہو گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا بنیادی منشور عوامی خدمت ہے اور یہ سفر بلا تعطل جاری رہے گا۔ حلقے کے عوام نے ترقیاتی منصوبوں کے آغاز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو سراہا۔








