سیالکوٹ(باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)سیالکوٹ میں چار روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے مریم نواز کلینک 24/7 مراد پور میں بچوں کو پولیو اور وٹامن اے کے قطرے پلا کر مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ مہم 13 سے 16 اکتوبر تک جاری رہے گی، جبکہ 17 اکتوبر کو کیچ اپ ڈے منایا جائے گا تاکہ کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔

افتتاحی تقریب میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اسلم چودھری، ڈی ایچ او ڈاکٹر احمد ناصر، ڈاکٹر شہزاد اقبال، ڈاکٹر ولید اور ڈاکٹر سدرہ گیلانی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے اس موقع پر کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومتِ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 7 لاکھ 95 ہزار 877 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے 2,878 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 6,288 ہیلتھ ورکرز اور رضا کار شامل ہیں۔

تحصیل وار ہدف کے مطابق:
تحصیل سیالکوٹ میں 3,47,969 بچے
تحصیل ڈسکہ میں 1,70,167 بچے
تحصیل پسرور میں 1,67,203 بچے
تحصیل سمبڑیال میں 87,368 بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ حالیہ ماحولیاتی نمونوں کے مطابق سیالکوٹ میں پولیو کی صورتحال اطمینان بخش ہے۔ جون 2025 میں ایک مثبت نمونہ آنے کے بعد جولائی سے ستمبر 2025 تک تمام رپورٹس منفی رہیں، جو انسداد پولیو سرگرمیوں کی کامیابی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہم کی مانیٹرنگ کے لیے ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی روزانہ شام کو میٹنگز ہوں گی، جن میں ٹیموں کی کارکردگی اور کوریج کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا جبکہ مرکزی اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں رات 8 بجے منعقد ہوگا۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اسلم چودھری نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت (WHO) اور دیگر شراکت داروں کے تعاون سے مہم کے دوران MPQA اور LQAS سروے بھی کیے جائیں گے تاکہ ہر بچے تک ویکسین کی رسائی یقینی بنائی جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں، کیونکہ "ایک بھی غیر محفوظ بچہ پوری کمیونٹی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔”

Shares: