سیالکوٹ:43 دیہی یونین کونسلز میں صفائی مہم ، بڑے پیمانے پر کچرا اُٹھایا گیا

سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثررتو) سیالکوٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ، رانا آصف علی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے "ستھرا پروگرام” کے تحت تحصیل سیالکوٹ کی 43 دیہی یونین کونسلز میں صفائی کے جاری منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے کے تحت 430 سینٹری ورکرز اور 128 لوڈر رکشہ جات کی مدد سے دیہات میں گھر گھر جا کر کچرا جمع کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زیرو ویسٹ پروگرام کے تحت 10 یونین کونسلز، جن میں ڈالوالی، رسولپور بھلیاں، وریو، ہندل، کھروٹہ سیداں، گوندل، موماں کلاں، بھگوال اعوان اور جوڑیاں کلاں شامل ہیں، سے 1133 میٹرک ٹن بلک ویسٹ اٹھایا گیا ہے، جس کے بعد ان علاقوں کو زیرو ویسٹ قرار دے دیا گیا ہے۔ مزید برآں، مچھرالہ، کور پور اور پڑتانوالی میں بھی زیرو ویسٹ کرنے کے لئے تیزی سے کام جاری ہے، اور آئندہ دو روز میں یہ علاقے بھی زیرو ویسٹ ہو جائیں گے۔

رانا آصف علی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ہر گاؤں سے بلک ویسٹ اٹھایا جا رہا ہے، اور دوبارہ کچرا جمع نہ ہو اس کے لئے گاؤں کے باہر عارضی ویسٹ کلیکشن پوائنٹس قائم کیے جا رہے ہیں۔ ان پوائنٹس پر سینٹری ورکرز لوڈر رکشوں کی مدد سے گھر گھر سے کچرا جمع کرتے ہیں، جسے پھر ایکسیویٹرز اور ٹرالیوں کے ذریعے لینڈ فل سائٹ پر منتقل کیا جاتا ہے۔

اس جدید نظام کی بدولت دیہات صاف اور ستھرے رہیں گے، اور بار بار کچرا جمع ہونے کے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

Leave a reply