سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) حکومت پنجاب کے فلاحی منصوبے "اپنی چھت اپنا گھر” کے تحت سیالکوٹ میں گھروں کی تعمیر کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے سیالکوٹ کا دورہ کیا اور پروگرام کے تحت زیر تعمیر و مکمل شدہ گھروں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مستفید ہونے والے خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کی آراء سنی۔

شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اس عوامی خدمت کے اقدام پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دعائیں دیں۔ متعدد خاندانوں کا کہنا تھا کہ وہ کرایہ داری کی زنجیروں سے آزاد ہو کر ذاتی مکان کے مالک بن چکے ہیں، جس کا سہرا موجودہ حکومت کے سر ہے۔

وزیر ہاؤسنگ نے اخوت دفتر میں بھی حاضری دی جہاں انہوں نے درخواست گزاروں اور مستفید شہریوں سے گفتگو کی۔ شہریوں نے بلاسود قرضوں کو حکومت پنجاب کا مثالی قدم قرار دیا۔

میڈیا سے گفتگو میں بلال یاسین نے بتایا کہ ہر سال ایک لاکھ خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جائیں گے، جب کہ اس سال مستحق افراد میں مفت رہائشی پلاٹس کی تقسیم بھی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک پنجاب بھر میں 34 ہزار خاندانوں کو قرضے دیے جا چکے ہیں اور کرپشن کی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی۔ سیالکوٹ میں اب تک 463 قرضے منظور کیے گئے ہیں، جن میں سے 445 گھروں کی تعمیر جاری ہے اور 42 گھر مکمل ہو چکے ہیں۔

دورے کے دوران صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی سے بھی ملاقات کی اور ضلعی سطح پر منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ لی۔

Shares: