سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد کی ہدایت پر سیالکوٹ پولیس نے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی نمبر پلیٹس میں ٹیمپرنگ اور شناخت چھپانے میں ملوث دکانداروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ دکاندار شہریوں کی گاڑیوں کی شناخت چھپانے اور سیف سٹی کیمروں کے چالان سے بچانے کے لیے نمبر پلیٹس پر بلیک پیپر، ٹیپ یا دیگر غیر قانونی مواد لگاتے تھے۔

ایسی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث پائی گئیں بلکہ انہیں مختلف جرائم میں بھی استعمال کیا جا رہا تھا۔ ٹریفک پولیس نے بغیر نمبر پلیٹ یا غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف بھی خصوصی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈی پی او فیصل شہزاد نے کہا کہ اس آپریشن کا مقصد جرائم کی روک تھام، ٹریفک قوانین کے مؤثر نفاذ اور حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کا بلا امتیاز نفاذ یقینی بنایا جائے گا اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل استعمال میں لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر نمونہ کے مطابق نمبر پلیٹس لگائیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع پولیس کو دیں تاکہ معاشرے میں قانون کی بالادستی برقرار رکھی جا سکے۔

Shares: