سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض) تجاوزات کے خلاف آپریشن، 50 بازاروں کو کلیئر، 9 ریڑھی مارکیٹ قائم

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے بتایا ہے کہ ضلع میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ رواں ماہ 50 بازاروں اور اہم سڑکوں کو تجاوزات سے پاک کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید 31 بازاروں کو کلیئر کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق، چاروں تحصیلوں میں 9 اینٹی انکروچمنٹ اسکواڈز تشکیل دیے گئے ہیں جو اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران کی نگرانی میں کام کر رہے ہیں۔ تجاوزات کے خاتمے کے لیے 22 ٹریکٹر ٹرالیاں، ایکسکویٹرز، اور دیگر مشینری استعمال کی جا رہی ہیں۔

آپریشن کے دوران 4 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، 3 لاکھ 7 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، 6 املاک سر بمہر کی گئیں، اور 726 اشیاء ضبط کر لی گئیں۔ تجاوزات ہٹانے کے ساتھ بے ترتیب ریڑھی بانوں کو منظم کرنے کے لیے 9 ریڑھی مارکیٹیں قائم کی جا چکی ہیں، اور مزید 3 پر کام جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر میں 319 مستقل تجاوزات کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں سے 210 کو مسمار کیا جا چکا ہے، جبکہ باقی 100 تجاوزات آئندہ چند دنوں میں گرا دی جائیں گی۔

Shares: