سیالکوٹ، باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر شاہد ریاض) ضلع میں پانچ روزہ انسدادِ پولیو مہم کے پہلے دن 3 لاکھ 68 ہزار 449 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ہیں، 3 لاکھ 22 ہزار 36 بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے گئے، یہ تفصیلات ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شاہ میر اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ریحان احمد نے بتائیں ، ڈی ایچ او، ڈی ڈی ایچ اوز بھی موجود تھے ۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ریحان نے بتایا کہ پہلے دن کا ہدف 3 لاکھ 65 ہزار 480 تھا، پولیو مہم کے پہلے دن ٹیموں نے بھرپور محنت کیساتھ کامیابی سے ہدف حاصل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 6 ماہ سے پانچ سال تک عمر کے بچوں کو وٹامن اے کی ڈوز دی گئی ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پولیو ٹیموں کو پہلے وزٹ کے دوران 61373 بچے گھروں میں نہیں ملے تھے، ٹیموں نے دوبارہ گھر گھر جاکر ان میں سے 33440 بچوں کو کور کر لیا ہے، 6713 سٹریٹ چلڈرن،30281 مہمان بچوں کو بھی قطرے پلائے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شاہ میر اقبال نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لیے بھرپور محنت سے کام کیا جائے اور یقینی بنایا جائے کہ پانچ سال تک عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے لیے دو قطرے لازمی پلائے جائیں ۔








