سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہدریاض) شہر میں موٹر سائیکل چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے کے بعد پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو خطرناک گینگ کے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق کی ہدایت پر پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر طارق عرف طارا گینگ اور زوہیب عرف زیبی گینگ کے ارکان کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 8 لاکھ روپے نقدی، 20 موٹر سائیکلیں اور 9 غیر قانونی پستول برآمد ہوئے ہیں۔
ملزمان ماسٹر چابیوں کے ذریعے موٹر سائیکلیں چوری کرتے تھے اور لوگوں سے اسلحے کے زور پر نقدی چھینتے تھے۔ گرفتار ملزمان میں طارق ولد الیاس، دلاور ولد غلام قاسم، عمر عرف عمری ولد عباس، زوہیب عرف زیبی، عمران ولد نو از، شہزاد ولد محمد اشرف، علی رضا ولد عابد حسین، حسن علی ولد انصر عباس، اور حسام نعیم ولد محمد نعیم شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور ان سے مزید برآمدگی کا امکان ہے۔ اس کامیابی کے بعد شہر میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کی امید ہے۔








