سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کی آبادی 2.9 فیصد سالانہ کی شرح سے بڑھ رہی ہے، اور اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو اگلے 30 سالوں میں ملک کی آبادی 46 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔

ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے پاپولیشن ویلفیئر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک پہلے ہی بے روزگاری، غذائی قلت، تعلیم، صحت اور رہائش کی شدید قلت کا شکار ہے۔ 45 فیصد بچے غذائی کمی کا شکار ہیں، جبکہ 60 فیصد آبادی ایک کمرے کے گھر میں رہنے پر مجبور ہے، اور 40 فیصد لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس صورتحال میں پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کو جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام کو مختصر خاندانی نظام کی اہمیت اور فوائد سے آگاہ کرنا ہوگا اور یہ باور کروانا ہوگا کہ صحت مند اور خوشحال خاندان ہی ملک کی خوشحالی کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آبادی اور وسائل میں توازن قائم کرنا ترقی کی بنیادی شرط ہے۔ پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے تعلیمی ادارے، صحت کی سہولیات اور روزگار کے مواقع کم پڑ رہے ہیں، جس کے نتیجے میں جرائم کی شرح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آگاہی مہم کے لیے جامع پلان تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔

Shares: