سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرمدثررتو) چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا سالانہ جنرل اجلاس، عبدالغفور ملک کی کامیاب دورِ صدارت کا اختتام اور نو منتخب قیادت کا عزم

تفصیل کے مطابق سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) کا سالانہ جنرل اجلاس الشفیع آڈیٹوریم ہال میں صدر عبدالغفور ملک کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں سابقہ دور کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا اور صدر عبدالغفور ملک نے اپنی دو سالہ صدارت کے دوران چیمبر کی کامیابیوں، اقدامات اور چیلنجز پر روشنی ڈالی۔

عبدالغفور ملک نے چیمبر کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حکومتی ایوانوں تک پہنچانے، ان کے حل اور کاروباری آسانیوں کے حصول کے لیے اپنے مؤثر اقدامات کی وضاحت کی۔ انہوں نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کو عالمی سطح پر نمایاں حیثیت دینے پر فخر کا اظہار کیا اور بتایا کہ ان کی قیادت میں تاجر برادری کے لیے مراعات حاصل کی گئیں اور حکومتی اداروں کے ساتھ قریبی رابطے قائم رکھے گئے۔

شہر میں ٹریفک مسائل، تجاوزات اور امن و امان کی بہتری کے لیے ایک اہم منصوبہ، جس کی تکمیل کے بعد سیالکوٹ میں کاروباری ماحول میں نمایاں بہتری آئی۔خواتین کو بااختیار بنانا: چیمبر کے ساتھ ساتھ وویمن چیمبر آف کامرس کے لیے اقدامات، جس سے کاروباری خواتین کو ترقی کے مواقع فراہم کیے گئے۔بزنس کمیونٹی کے مسائل کا حل: عبدالغفور ملک نے مختلف حکومتی پلیٹ فارمز پر تاجروں کے مسائل کو اُٹھایا اور ان کے حل کے لیے مؤثر کام کیا۔

نو منتخب صدر اکرام الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیالکوٹ چیمبر کی کامیابیوں کو مزید آگے بڑھانے کے لیے مکمل لگن اور محنت سے کام کریں گے۔ انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر شہر اور بزنس کمیونٹی کے لیے نئے منصوبے شروع کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔

چیمبر کے ممبران کی توقعات پر پورا اُترنے کے لیے اپنی نجی مصروفیات کو پسِ پشت ڈال کر چیمبر امور کی انجام دہی کو ترجیح دیں گے۔
سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کے لیے عالمی سطح پر نئے مواقع پیدا کریں گے اور چیمبر کی بین الاقوامی شناخت کو مزید بڑھائیں گے۔

اجلاس میں ریٹائرڈ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کو ہار پہنائے گئے، گلدستے پیش کیے گئے اور ان کی خدمات کو سراہا گیا۔ اس موقع پر نو منتخب اراکین کو بھی خوش آمدید کہا گیا اور ان کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

عبدالغفور ملک (سابق صدر)، وہب جہانگیر (سابق سینئر نائب صدر)، اور عامر مجید شیخ (سابق نائب صدر) نے اپنی تقاریر میں بزنس کمیونٹی کے لیے کیے گئے کاموں پر روشنی ڈالی۔

اجلاس کے آخر میں، ان اراکین چیمبر کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں جنہوں نے ہر موقع پر چیمبر کے ساتھ بھرپور تعاون فراہم کیا۔ ان میں سابق صدر عبدالغفور ملک،سابق سینئر نائب صدر وہب جہانگیر،سابق نائب صدر عامر مجید شیخ،ڈاکٹر مریم صدیقہ (صدر وویمن چیمبر آف کامرس سیالکوٹ)،
مس گلزیب وقاص اعوان (سینئر نائب صدر وویمن چیمبر)، اور دیگر اہم شخصیات شامل تھے

اس یادگار اجلاس میں سیالکوٹ کی تاجر برادری نے بھرپور شرکت کی اور اپنی کامیابیوں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے نئی قیادت کو مبارکباد پیش کی۔

Shares: