سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہد ریاض) رکن قومی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی سیالکوٹ کا اجلاس ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال، قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین علی زاہد، سیدہ نوشین افتخار، محمد منشاء اللہ بٹ، چودھری فیصل اکرام، اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع سیالکوٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات دی گئیں۔
چیئرمین کمیٹی چودھری ارمغان سبحانی نے سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کا مسئلہ اٹھایا اور اس کا سبب نکاس آب کی کمی اور اوور لوڈنگ کو قرار دیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو سڑکوں کی پائیداری اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کے کناروں پر تعمیر نالوں کو فوری طور پر فعال کیا جائے۔ مزید برآں، گوجرانوالہ-پسرور روڈ کی کارپٹ تعمیر اور پسرور روڈ کی جلد مرمت کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے اوور لوڈنگ پر قابو پانے کے اقدامات کے حوالے سے بتایا کہ ڈمپروں کی لوڈنگ پوائنٹس پر چیک لگا دیا گیا ہے اور ہدایات دی کہ معیار اور تیزی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تاخیر کا شکار یا نااہل کنٹریکٹرز کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی ہوگی اور انہیں بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار کو اولین ترجیح دی جائے گی اور کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔








