سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے میڈیکل اسٹورز کے خلاف درج 31 کیسز کی سماعت کی گئی۔ اجلاس میں 5 کیسز کو ڈرگ کورٹ بھجوانے کی منظوری دی گئی، جبکہ 8 میڈیکل اسٹورز کو وارننگ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 9 کیسز میں دوبارہ معائنہ کی ہدایت جاری کی گئی تاکہ خلاف ورزیوں کی تصدیق ممکن ہو سکے، جب کہ 8 کیسز کی سماعت کو آئندہ اجلاس تک مؤخر کر دیا گیا۔ ایک کیس میں خلاف ورزی کو سنگین قرار دیتے ہوئے ڈرگ کنٹرول ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی گئی۔
اجلاس کے دوران میڈیکل اسٹورز کی مختلف سنگین خلاف ورزیوں پر غور کیا گیا، جن میں بغیر ڈرگ سیل لائسنس ادویات کی فروخت، ممنوعہ، زائد المعیاد اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی موجودگی، ادویات کے ریکارڈ کا فقدان، کوالیفائیڈ پرسن کی غیر موجودگی، اور کولڈ چین برقرار نہ رکھنے جیسے معاملات شامل تھے۔ بورڈ نے تمام کیسز کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور قانون کے مطابق کارروائی کی منظوری دی۔
ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادویات کی فروخت کے تمام قانونی تقاضے ہر صورت پورے کروائے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی صحت سے متعلق کسی بھی قسم کی کوتاہی یا لاپروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر معیاری، ممنوعہ یا غیر قانونی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور قانونی طریقہ کار کے مطابق ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسلم چودھری، سیکرٹری بورڈ مس فرح، اور ضلع کی چاروں تحصیلوں کے ڈرگ انسپکٹرز بھی شریک ہوئے۔