سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف خرم میر+سٹی رپورٹر مدثر رتو)گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ نے فال 2025 سیشن کے داخلوں میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے، جہاں انٹرمیڈیٹ، بی ایس، ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے لیے ریکارڈ تعداد میں داخلہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ بی ایس پروگرام کے فیز 1 میں 16,000 سے زائد طالبات نے درخواستیں جمع کروائیں، جس پر پہلی میرٹ لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مختلف پروگرامز میں طالبات کی غیر معمولی دلچسپی یونیورسٹی کی علمی ساکھ اور معیاری تدریسی ماحول کا ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ داخلوں کے عمل کو سہل، شفاف اور منظم بنانے کے لیے یونیورسٹی میں ایک خصوصی ایڈمیشن آفس قائم کیا گیا، جہاں امیدواروں اور ان کے والدین کو مکمل رہنمائی فراہم کی گئی اور آن لائن سسٹم کے ذریعے درخواست دینے کی سہولت دی گئی۔
ڈاکٹر شازیہ بشیر نے سینٹرل ایڈمیشن کمیٹی کے کنوینئر پروفیسر ڈاکٹر الیاس اور دیگر تمام ممبران کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں برس داخل ہونے والی طالبات کی باصلاحیت اور پُرعزم نسل پاکستان کا مستقبل سنوارنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔