سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے اعلان کیا ہے کہ اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران (AEOs) کی انسپکشن کے نظام کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے، جس کے تحت رئیل ٹائم مسائل کی نشاندہی اور فوری رپورٹنگ ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب اے ای اوز اپنے فیلڈ وزٹس کے دوران اسکولوں میں درپیش مسائل کو ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے فوری طور پر اپ لوڈ کر سکیں گے، جس سے بروقت فیصلہ سازی اور مسئلہ حل کی راہ ہموار ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر نے اے ای اوز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض مکمل ایمانداری اور محنت سے انجام دیں، اور انسپکشن کے دوران نہ صرف مسائل کی نشاندہی کریں بلکہ ان کے حل کیلئے اسکول انتظامیہ کے ساتھ عملی اقدامات بھی کریں۔ ایسے مسائل جو ان کے دائرہ اختیار سے باہر ہوں، وہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے نوٹس میں لائیں تاکہ ان کا مؤثر تدارک ممکن ہو۔

اجلاس میں سی ای او ایجوکیشن مجاہد حسین علوی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے دیگر مقامی حکام بھی شریک تھے۔

Shares: