سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)ضلع سیالکوٹ میں 30 پانی کی کمپنیوں کے پانی کے نمونوں کا تجزیہ کیا گیا جس میں سے دو کمپنیوں کے پانی کو مضر صحت قرار دیا گیا۔ یہ معلومات وفاقی ادارہ پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز (PCRWR) اسلام آباد کی سیالکوٹ لیبارٹری کی حالیہ رپورٹ میں دی گئی ہیں۔
انچارج آفسیر ڈسٹرکٹ لیبارٹری سیالکوٹ تجمل لنگڑیال نے بتایا کہ مضر صحت پانی میں بیکٹریا اور دیگر نقصان دہ اجزاء موجود ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے گھریلو پانی کی کوالٹی جانچنے کے لیے لیبارٹری کے دفتر، ہاکی گراؤنڈ، پسرور روڈ پر رابطہ کریں۔
تجمل لنگڑیال نے کہا کہ سیالکوٹ میں تمام کمپنیوں کے پانی کے نمونے اوپن مارکیٹ اور مختلف دکانوں سے حاصل کیے گئے اور تجزیہ کے بعد رپورٹ مرتب کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارہ ہر تین ماہ بعد پانی کے نمونوں کا معائنہ کرتا ہے تاکہ عوام کو صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
مزید تفصیلات ادارہ کی ویب سائٹ www.pcrwr.gov.pk پر دستیاب ہیں۔








