ڈسکہ: انجمن خدمت خلق کا 747واں اجلاس، انتظامیہ سے امن و امان قائم کرنے کا مطالبہ

سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہد ریاض) انجمن خدمت خلق رجسٹرڈ ڈسکہ کا ماہانہ 747واں اجلاس زچہ بچہ ہسپتال، پسرور روڈ پر نائب صدر حافظ عبدالغفار کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ عبدالغفار نے حاصل کی، جبکہ نعتِ رسول مقبول ﷺ قاری احسن رضا نے پیش کی۔

جنرل سیکرٹری محمد انور مغل ایڈووکیٹ نے اگست 2024 کے اجلاس کی کارروائی پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ فنانس سیکرٹری انوار احمد سیال نے ماہِ اگست کی آمدن و اخراجات کی تفصیلات پیش کیں، جنہیں بحث کے بعد منظور کر لیا گیا۔

سیکرٹری نشر و اشاعت سہیل سلمان ٹھروہی نے پچھلے اجلاس کی شائع شدہ خبریں اور ویڈیوز پیش کیں، جس پر ممبران نے ان کی کارکردگی کو سراہا۔ زچہ بچہ ہسپتال کے مین گیٹ کے ساتھ نالے کی ازسرِ نو تعمیر پر کمیٹی کے چیئرمین سہیل سلمان ٹھروہی اور ان کی ٹیم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس میں اسرائیل کی مسلم ممالک پر جارحیت کی شدید مذمت کی گئی اور ڈسکہ میں ڈکیتی اور موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے امن و امان بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس کے اختتام پر میزبان محمد حفیظ ایڈووکیٹ نے شرکاء کی تواضع کی، اور قاری احسن رضا کی دعا کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

Comments are closed.