سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے محرم الحرام کے دوران امن و امان، سیکیورٹی اور زائرین کی سہولت کے لیے جامع اور مؤثر پلان کی منظوری دے دی ہے۔
ڈی سی آفس سیالکوٹ کے کانفرنس روم میں ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو جلوسوں کے روٹس کی مرمت، روشنیوں کی تنصیب، صفائی اور پانی کی فراہمی کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جن پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی، آر پی او طیب حفیظ چیمہ، ڈپٹی کمشنر صباء اصغر علی، ڈی پی او فیصل شہزاد سمیت دیگر افسران شریک تھے۔
میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں حضرت امام حسینؓ کی قربانی کی یاد دلاتا ہے، اور اس مہینے میں اتحاد، صبر و برداشت کا مظاہرہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا، اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جلوسوں اور مجالس میں ڈرون کوریج پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔
بعد ازاں صوبائی وزیر نے امام بارگاہ اڈہ پسروریاں کا دورہ کیا، جہاں جلوسوں کے روٹس، سیکیورٹی اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے انہیں بریفنگ دی۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے، تاکہ محرم الحرام کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ دورے میں دیگر اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔