سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض)ایشیا کے پہلے اسمارٹ ولیج منصوبے کا افتتاح، دیہی ترقی کا نیا دور شروع
وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شیزا فاطمہ خواجہ نے سیالکوٹ کے نواحی گاؤں روڑس میں ایشیا کے پہلے اسمارٹ ولیج منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد دور دراز اور دیہی علاقوں کو انٹرنیٹ سے منسلک کرکے تعلیم، صحت اور روزمرہ مسائل کے ڈیجیٹل حل فراہم کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی بے پناہ صلاحیتوں کی حامل ہے اور اسمارٹ ولیج منصوبہ ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ منصوبے کے تحت 100 لڑکے اور لڑکیاں جدید کمپیوٹر اور بزنس اسکلز کے کورسز کریں گے، جس سے انہیں روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔
یہ پائلٹ پروجیکٹ منسٹری آف انفارمیشن، انٹرنیشنل ٹیلی کام یونین، ہواوے، بیداری اور ٹیلی تعلیم کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ روڑس میں جدید کمپیوٹر لیب اور ورچوئل ایجوکیشن کے ذریعے تعلیمی سہولیات کے ساتھ ڈیجیٹل میڈیکل کنسلٹنسی بھی فراہم کی جائے گی۔
ریجنل ڈائریکٹر انٹرنیشنل ٹیلی کام یونین اتسوکو اوکوڈا نے کہا کہ اسمارٹ ولیج منصوبہ صحت، تعلیم اور زراعت میں ڈیجیٹل تبدیلی کے ذریعے دیہی علاقوں میں نمایاں ترقی کا سبب بنے گا۔
افتتاحی تقریب میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول روڑس میں اسمارٹ کلاس روم اور ڈیجیٹل ولیج سینٹر کا بھی آغاز کیا گیا۔ شیزا فاطمہ نے اعلان کیا کہ اس منصوبے کو جلد ملک کے دیگر صوبوں تک وسعت دی جائے گی۔