سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ اور چوہدری فیصل اکرام نے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے معیار کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران اراکین اسمبلی نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سہیل انجم بٹ نے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات، ایمرجنسی سروسز، او پی ڈی، ادویات کی فراہمی اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق مریضوں کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اپنی استعداد سے زیادہ مریضوں کا بوجھ برداشت کر رہا ہے، تاہم آئندہ چند روز میں گورنمنٹ سردار بیگم ٹیچنگ ہسپتال کی ری ویمپنگ مکمل ہونے کے بعد مریضوں کا دباؤ کم ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ میں آبادی کے تناسب سے ایک بڑے جدید ہسپتال کی اشد ضرورت ہے، جس کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب سے درخواست کی جائے گی اور موزوں جگہ پر پراجیکٹ کی منظوری حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ری ویمپنگ کے بعد اسے کسی جدید ہسپتال سے کم نہیں سمجھا جا سکتا، جہاں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
دورے کے موقع پر خواجہ سلطان ٹیپو، رفیق مغل اور مہر حسنین بھی موجود تھے، جنہوں نے ہسپتال میں جاری ترقیاتی کاموں اور سہولیات کے حوالے سے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔








