سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) سیالکوٹ پولیس نے ڈی پی او سیالکوٹ کے خصوصی احکامات پر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے لاہور سے شراب کی بڑی کھیپ لا کر عید پر فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ تھانہ صدر کے ایس ایچ او میاں عبدالرزاق کی سربراہی میں ہونے والی کارروائی میں ملزم راہول مسیح کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم عید کے موقع پر سیالکوٹ میں قیمتی شراب فروخت کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔ دورانِ تلاشی ملزم کے قبضے سے 150 بوتلیں ولایتی شراب برآمد کی گئیں، جب کہ شراب کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ عید جیسے مذہبی تہواروں پر ناقص یا زہریلی شراب کے استعمال سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ رہتا ہے، جس کے پیش نظر ڈی پی او سیالکوٹ نے تمام تھانوں کو منشیات فروشوں اور شراب سپلائرز کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ایکشن جاری رہے گا۔

Shares: