سیالکوٹ(باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) 7 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار، والد کو دھمکیاں

سیالکوٹ کے تھانہ صدر کے علاقے ملہو چھت میں 7 سالہ معصوم بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کی کوشش کا دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ والدین کی غیر موجودگی میں ایک اوباش شخص نے مبینہ طور پر کمسن بچی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم بچی کے شور مچانے پر ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔

متاثرہ بچی کے والد پطرس مسیح نے تھانہ صدر میں تحریری درخواست دی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پطرس مسیح کا کہنا ہے کہ اسے ملزم کی گرفتاری اور قانونی کارروائی پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ”میری بیٹی پر ظلم کی کوشش کی گئی، میں نے انصاف کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا، لیکن اب ہمیں مسلسل دباؤ اور دھمکیوں کا سامنا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اور ڈی پی او سیالکوٹ سے اپیل ہے کہ ہمیں انصاف دلایا جائے اور جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جائے۔”

پولیس ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ واقعے کی رپورٹ پر فوری مقدمہ درج کیا گیا اور نامزد ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا اور مقدمے کی تفتیش میرٹ پر کی جائے گی۔

علاقے کے شہریوں نے اس افسوسناک واقعہ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کیس کو سنجیدگی سے لیں اور درندہ صفت مجرم کو قرار واقعی سزا دلوائیں تاکہ آئندہ کوئی ایسی جرأت نہ کر سکے۔

Shares: