سیالکوٹ، باغی ٹی وی ( بیوروچیف شاہد ریاض ) قائداعظم کے یوم ولادت اور نواز شریف کی سالگرہ کی پروقار تقریب
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رابطہ آفس پیرس روڈ پر قائداعظم محمد علی جناح کے 148ویں یوم ولادت اور پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کی 75ویں سالگرہ کے حوالے سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کی صدارت رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کی، جبکہ رکن قومی اسمبلی گلناز شجاعت، اراکین صوبائی اسمبلی چودھری فیصل اکرام، چودھری نوید اشرف، سابق میئر توحید اختر، جنرل سیکرٹری شجاعت علی پاشا، فاروق گھمن، تنویر اختر چودھری اور مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے اراکین سمیت مقامی عہدیداران اور کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔
محمد منشاء اللہ بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان قدرت کا عظیم تحفہ ہے جسے قائداعظم نے علامہ اقبال کے خواب کو حقیقت کا روپ دے کر دنیا کے نقشے پر اُجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا پاکستان، میاں نواز شریف کی قیادت میں ایٹمی طاقت بن کر ناقابل تسخیر بن چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 25 دسمبر نہ صرف قائداعظم کی ولادت بلکہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا یوم پیدائش بھی ہے، جو مسلمانوں اور مسیحی برادری دونوں کے لیے یکساں اہمیت کا حامل ہے۔ تقریب کے دوران شرکاء نے دونوں شخصیات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کیک کاٹ کر ان کے نظریات اور خدمات کو یاد کیا۔